شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں مجالس عزا کے بعد جلوس برآمد ہوں گے جن کیلئے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، جبکہ46 شہروں میں موبائل فون سروس بند ہے، کئی شہروں میں ڈبل سواری اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گزشتہ شب سے چہلم کی مجالس جارہی ہیں، آج مجلسوں کے بعد جلوس ِ علم و ذوالجناح برآمد ہوں گے، جو اپنے مقررہ راستوں سے گزریں گے۔
کوئٹہ میں علمدار روڈ سے جلوس برآمد ہوگیاہے، عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کررہے ہیں ، جلوس علمدار روڈ – حاجی رحمت اللہ روڈ – طوغی روڈ – یزدان خان روڈ سے واپس علمدار روڈ  سے ہوتا ہوا ہزارہ قبرستان میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔  جلوس کی گذرگاہوں کے اطراف سڑکیں خار دار تاریں لگاکر بند کردی گئی ہیں اور راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جارہی ہے۔  دوسری جانب سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی، پشاور، لاہور، کوئٹہ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے 46 شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جبکہ کئی شہروں میں ڈبل سواری اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔



دیدگاهها بسته شده است.