گورنر راج خوش آئند،قیام امن اور حالات کی بہتری کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن ناگزیر ہے،رہنما شیعہ علماء کونسل

کوئٹہ: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنماؤں نے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ قیام امن اور حالات کی بہتری کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن ناگزیر ہے ان خیالات کااظہارشیعہ علماء کونسل پاکستان کے صدر عارف حسین واحدی،علامہ رمضان توقیر،مولانا اکبرحسین زاہدی،مظہر عباس علوی،جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ساجد علی سمرنے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے ہزارہ قوم اور ملت جعفریہ کے لوگوں کونشانہ بناکر قتل کیاجارہا ہے جس کے خلاف ہم نے بارہا حکومت اور دیگرحکام بالا کو مطلع کیاتھا تاہم افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بلوچستان کی حکومت نے اس ضمن میں مجرمانہ غیرسنجیدگی کااظہار کیا جس کے باعث اب تک یہاں پر 11سو سے زائد لوگ حکومتی غیرسنجیدگی کے باعث دہشت گردی کا نشانہ بنے
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کوبرطرف کرنے اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ہماری توقعات گورنربلوچستان سے وابستہ ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ وہ نہ صرف عوام کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں گے بلکہ بلوچستان میں پائی جانے والے خوف اور دہشت کے خاتمے کو بھی یقینی بنائیں گے ہمارے دھرنے محض بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف تھے ہم جمہوری لوگ ہیں فوج کی طلبی کو منفی تاثر دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ہم نے فوج کوصرف اور صرف یہاں ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے مطالبہ کیا ہے آج ہمیں جن حالات کاسامنا ہے وہ سابقہ آمرانہ دور کی مرہون منت ہے جن میں کلاشنکوف کلچر پروان چڑھے فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کا محاسبہ کرنے کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ اخوت بھائی چارے کی فضاء کوسبوتاژ کرنے کی کوششوں کوناکام بنایاجاسکے انہوں نے کہا کہ دھرنے میں دیوبند اہل حدیث بریلوی اور دیگر مسلک کے علماء کرام اور لوگوں نے ہم سے رابطے کئے اور تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر ہم ان کے شکرگزارہیں اگر ہم اسی طرح مل کر عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہدکرتے رہے تو ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کے قیام کے خواب کوشرمندہ تعبیر کیاجاسکتاہے۔



دیدگاهها بسته شده است.