کوئٹہ یکجہتی کونسل کا ہفتہ وار اجلاس جامعہ امام صادق میں حاج قیوم چنگیزی کی صدارت میں منعقد ہوا اس اجلاس میں تمام تر نمائندوں نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں شہداء اور زخمیوں کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں شریک نمائندوں نے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی مالی مدد کے مد میں دیئے گئے فنڈ کے حوالے سے بھی جائزہ لیا اور مزید تقسیم بندی کے عمل کو شفاف بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں طالبان کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے شام کے حوالے سے امریکی جارحیت کی مذمت کی اور شام کے حوالے سے پرنٹ میڈیا پر آنے والے بیہودہ بیانات اور جانبدارانہ رویہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ شام کا مسئلہ انکا اندرونی مسئلہ ہے اس بارے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور اس بارے میں رائی زنی مداخلت بے جا کے زمرے میں آتا ہے لہذا شام کے حوالے سے صوبہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کو ذمداری کا احساس کرتے ہوئے ایسے بیانات چھاپنے سے گریز کرنا چاہئیے جس سے انتشار و نفرت پھیلنے کا باعث بنے۔