کابل میں امام بارگاہ کے قریب خودکش دھماکے میں 22 افراد شہید
رپورٹ کے مطابق کابل کے علاقے قلعہ فتح اللہ میں نماز جمعہ کے بعد مسجد حسینیہ پر خودکش حملے میں 22 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مسجد حسینیہ کے قریب پہنچنے کی کوشش کی تاہم سخت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے وہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا جس پر اس نے مسجد کے قریب خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ہلاک شدگان اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ واضح افغانستان میں محرم الحرام اور عاشورہ کی وجہ سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔