کوئٹہ: 100 ٹن دھماکہ خیز مواد بر آمد


کوئٹہ: ایف سی نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منگل کے روز ایک بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کی تاریخ میں ایک وقت میں سب سے زیادہ ملنے والا دھماکہ خیز مواد بر آمد کرلیا۔
ایف سی کمانڈنٹ کرنل مقبول نے نے صحافیوں کو بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے نیو اڈا میں دھماکہ خیز مواد میں استعمال ہونے والے پوٹاشیم کلورائیڈ اور دیگر دھماکہ کیمیکلز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ 100 ٹن سے زائد دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
کرنل مقبول کا کہنا ہے کہ برآمد کیا گیا دھماکہ خیز مواد 1لاکھ 4ہزار 4 سو کلو گرام ہے جبکہ چار بنڈل سرکٹ وائر اور ریموٹ کنڑول ڈیوائس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دس مبینہ عسکریت پسندوں کو آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا ہے جنہوں نے گودام میں خفیہ راستے بھی بنا رکھے تھے۔
انہوں صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو خود کش جیکٹیں بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا تھا۔ تمام مواد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع کی چھان بین میں مصروف ہیں۔
انہوں بتایا کہ اسی طرح کا دھماکہ خیز مواد ہزارہ ٹاؤن میں ہونے والے دھماکوں میں بھی استعمال کیا گیا تھا جس کے دوران 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ یہ آپریشن کوئٹہ میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے واقعات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں متعدد افراد مارے جاچکے ہیں۔
بلوچستان خاص کر کوئٹہ گزشتہ ایک دہائی سے تشدد کا شکار رہا ہے۔



دیدگاهها بسته شده است.