جامعه(کوئٹہ)کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون کرکے امریکی یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سرزمین افغانستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے کابل میں امریکن یونیورسٹی پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور حملے کے متاثرین سے ہمدری کا اظہار بھی کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان حکام نے 3 ٹیلی فون نمبرز بتائے جو مبینہ طور پر حملہ آور استعمال کررہے تھے جب کہ ان نمبروں کی بنیاد پر پاک فوج نے پاک افغان سرحد کے قریب کومبنگ آپریشن کیا جس سے پتہ چلا کہ یہ سمز ایک افغان کمپنی آپریٹ کررہی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان حکام کی جانب سے دیئے گئے نمبرز کا مزید تکنیکی جائزہ بھی لیا جارہا ہے جب کہ اس کمپنی کے سگنل پاک افغان سرحد کے قریب بعض علاقوں میں آتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مزید معلومات ملنے پر افغان صدر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرزمین افغانستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔