کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان میں جمعے کے روز ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا ہے۔
لیویز افسر ماما غلام حسین نے بتایا کہ چار مسلح افراد دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جنہوں نے بولان کے علاقے مچھ میں ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں سات کان کن سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔
حسین کا کہنا تھا کہ کان کن مچھ سے اپنی کان کی جانب جارہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے کیوں کہ اس میں ہزارہ برادری کے افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واقعے کے بعد حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
عسکریت پسند اکثر اس علاقے میں ہزارہ برادری اور اہل تشیع حضرات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں جبکہ ان حملوں میں سے متعدد کی ذمہ داری شدت پسند گروہ لشکر جھنگوی نے قبول کی ہے۔