کوئٹہ:زائرین کی بس پر خودکش حملہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شیعہ زائرین کی بس پر خودکش حملے میں  ایک زائر شہید  اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

کوئٹہ پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز محمد جعفر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی شام شہر کے مغربی بائی پاس پر پیش آیا۔

ان کے مطابق شیعہ زائرین کی ایک بس ایران سے واپس کوئٹہ آ رہی تھیں کہ اختر آباد کے علاقے میں مخالف سمت سے آنے والے حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی اس سے ٹکرا دی۔

ڈی آئی جی پولیس کے مطابق دھماکے سے بس میں آگ بھڑک اٹھی اور اس حملے میں حملہ آور اور بس میں سوار ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ 30 زخمیوں میں 12 خواتین اور چھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زائرین کی بس اور اس کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ تصادم کی وجہ سے زائرین کی بس سڑک سے نیچے اتر گئی اور اسی وجہ سے جانی نقصان کم ہوا۔

صوبہ بلوچستان میں شیعہ برادری پر اس طرح کے حملوں کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔اس سے پہلے بھی کوئٹہ تافتان قومی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے میں ایران میں زیارتوں کے لیے کوئٹہ سے جانے والے یا ایرن سے واپس آنے والے زائرین پر کئی حملے ہو چکے ہیں جس میں سے زیادہ ترحملوں کی ذمہ داری کالعدم لشکرجھنگوی نے قبول کی ہے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ برادری پر بھی حملے ہوتے رہے ہیں جن کے خلاف صوبے میں شیعہ برادری کئی بار احتجاجی مظاہرے اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کر چکی ہے۔



دیدگاهها بسته شده است.