عزادارئ امام حسین علیہ السلام اصلاح معاشرہ کا بہترین ذریعہ ہے،علامہ محمد جمعہ اسدی

کوئٹہ (پ ۔ ر) عزادارئ امام حسین علیہ السلام اصلاح معاشرہ کا بہترین ذریعہ ہے۔ عزاداری کا اصل مقصد بھی معاشرہ سازی ہی ہے۔ یہ بات جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی نے  جامعہ امام صادق کے مسجد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔  انہوں نے مزید کہا  امام برحق نے جب دیکھا کہ یزید کی بدکاری اسکے دربار کی چار دیواری تک ہی محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری امت کو اپنی لپیٹ میں لے گی تو مصلحانہ ذمہ داری کے پیش نظر اپنی تحریک کا منشور یوں جاری کیا میں سرکشی اور جنگ و جدال کے ارادے سے نہیں نکل رہا ہوں اور نہ ہی میرا مقصد فسادپھیلانا یا کسی پر ظلم کرنا ہے، بلکہ میں تو اپنے نانا [ص] کی امت کی اصلاح کیلئے نکلا ہوں۔ میری غرض فقط امر  بالمعروف، نہی عن المنکر اور والد و جد کی پیروی ہے۔ اس فرمان سے معلوم ہوتا ہے کہ امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنے جد کی امت کی اصلاح کیلئے قیام کیا تھا۔

عالم اسلام کے حالات کے پیش نظر امام علیہ السلام نے اپنی اصلاحی تحریک کا  بروقت ایک منظم انداز میں  آغاز کیا۔ جہاں مناسب سمجھا وہاں امت سے خطاب فرمایا، اپنے سفر کے دوران امام علیہ السلام نے ہر مقام پر ہدایت کا سنگ میل نسب کیا اور ہر حق جو کیلئے کوشش و جستجو کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا۔

کربلا کی اصلاحی تحریک کا یہ بھی ایک امتیاز ہے کہ یہاں ایک بڑے معاشرے کو سدھارنے کیلئے ایک چھوٹا سا معاشرہ سرگرم عمل ہے۔ کربلا میں دی گئی قربانی چند افراد کی قربانی نہیں بلکہ ایک مثالی معاشرے کی قربانی ہے کیونکہ انسانی معاشرہ کا ہر رنگ اس چھوٹے سے کربلائی معاشرے میں نظر آتا ہے اور ایک صالح معاشرے کا  کوئی بھی عبادی، عائلی، جذباتی، نفسیاتی، سیاسی، معاشرتی، روحانی، جہادی پہلو یہاں تشنہ دکھائی نہیں دیتا ہے۔ وہ مقصد کتنا عظیم ہوگا جس کی خاطر اتنا عظیم معاشرہ قربان ہوا۔



دیدگاهها بسته شده است.