کوئٹہ: ہزار گنجی کے علاقے میں سبزی منڈی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے 8 ہزارہ سبزی فروش شہید جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں سبری منڈی کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 نا معلوم مسلح افراد نے منی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے سبزی فروش تھے اور ان کا تعلق ہزارہ قبائل سے ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب کہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔