کوئٹہ -(جامعہ) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو برلین میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مایر سے ملاقات کی جس میں فریقین نے خاص طور سے سیکورٹی کے مسائل پر گفتگو کی۔ اس ملاقات میں جرمن وزیر خارجہ نے جنرل راحیل شریف کو اس بات کا یقین دلایا کہ ان کا ملک، علاقائی سیکورٹی میں تعاون سے متعلق پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
اس ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف نے بھی دہشت گردی کو عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے موثر عالمی اقدام کی ضرورت ہے۔ جنرل راحیل شریف نے اپنے اس دورے میں جرمنی کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات میں دو طرفہ فوجی و دفاعی تعاون کے بارے میں گفتگو کی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، اپنے دورہ یورپ میں جرمنی کے بعد جمہوریہ چیک کا بھی دورہ کریں گے۔