جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی نے جامعہ امام صادق کے مسجد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا امام حسین علیہ السلام کی تحریک طاغوتی طاقتوں کے خلاف تھی۔ اس زمانے کا طاغوت یزید بن معاویہ تھا۔ کیونکہ امام علیہ السلام نے اس جنگ میں پیغمبراکرم (ص) کے قول کو سند کے طور پر پیش کیا ہے کہ ” اگر کوئی ایسے ظالم حاکم کو دیکھے جو اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال ا ور اس کی حلال کی ہوئی چیزوں کوحرام کررہا ہو، اﷲ سے کئے گئے عہد کو توڑ رہا ہو، بیت المال میں حیف و میل کر رہا ہو، اﷲ کی طے کردہ حدود کو پامال کر رہا ہو، سنت پیغمبر کا مخالف ہو، اﷲ کے بندگان میں ظلم و ستم کر رہا ہو، رحمن کی اطاعت چھوڑ کر شیطان کی اطاعت کر رہا ہو۔ تواس پر لازم ہے کہ اس کے خلاف آواز اٹھائے اور اگر وہ ایسا نہ کرے تو اسے اللہ کی طرف سے سزا دی جائے گی۔“ آپ نے اپنے اس پیغام میں ہر دور کے ظالموں کے خلاف قیام کا درس دیا ہے آپ نے یہ بھی بتا دیا کہ میرا قیام عدالت کے قیام اور مظلوموں کی حمایت میں ہے۔
علامہ محمد جمعہ اسدی نے مزید کہا قرآن مجید میں محرم الحرام کی اہمیت کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ جب سانحہ عاشورا اس مہینے میں واقع ہوا تو اس کی اہمیت اور فضیلت میں مزید اضافہ ہوئی ۔دور جاہلیت میں بھی ان مہینوں کا احترم کیاجاتاتھااور جنگ وجدل کو مکمل طور پر روک دیا جاتا تھا۔ بد قسمتی سے اسلامی تعلیمات اور تقدسات سے بے خبر لوگ اسلام کے نام پر محرم الحرام سے پہلے قتل اور غارت گری انتشار پھیلانا شروع کرتے ہیں اور محرم الحرام کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔
علامہ محمد جمعہ اسدے نے لوگوں سے اپیل کی کہ ماہ محرم ایک مقدس مہینہ ہے اور اس کا تقدس کا خیال کریں۔امن و امان وقت کا اہم ترین مسئلہ ہے اور محرم الحرام کی آمد پر معاملہ اور بھی اہمیت کا حامل ہو جاتا ہے، جس کو اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔ مختلف جلسات میں شیعہ اور سنی علما کرام نے اعلان کر چکے ہیں کہ بلوچستان میں کوئی شیعہ سنی کا مسلہ نہیں ہے ۔ جو لوگ معصوم اور نہتے عوام کو شہید کر رہے ہیں اور اسلام کا نعرہ لگارہے ہیں در اصل اسلام اور پاکستان کا دشمن ہیں ۔