پاکستان نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور ان کی جبراً نقل مکانی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میانمار کے حکام سے مسلمانوں کے حقوق کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستان کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور نقل مکانی کی رپورٹس پر شدید تحفظات ہیں۔پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ میانمار کی حکومت معاملے کی تحقیقات کرائے اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ساتھ مل کر روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کے مفادات کا تحفظ کرتا رہے گا۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق میانمار کے شمال مغربی علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 4 سو کے قریب روہنگیا مسلمانوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق میانمار کی ایک ریاست میں فوجی بیس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شروع ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں 38 ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کرچکے ہیں۔