کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چےئرمین عبدالرحیم خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پشتونخوا میپ دہشتگردی فرقہ واریت کیخلاف روز اول ہی سے آواز اٹھاتی رہی ہے اور پارٹی گزشتہ دنوں کوئٹہ میں بم دھماکوں اور اس المناک واقعہ میں شہید وزخمی ہونیوالے سینکڑوں بے گناہ معصوم لاتعلق لوگوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور پارٹی کا مطالبہ ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علمدار روڈ پر قندھاری امام بارگاہ میں گزشتہ روز شہید ہونیوالوں کے لواحقین اور میڈیا سے بات چیت وخطاب کرتے ہوئے کیا ۔
جناب عبدالرحیم خان مندوخیل نے کہا کہ 10جنوری 2013 کے وحشت بربریت اور انسانیت سوز واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اور اس بم دھماکوں خودکش حملوں میں شہید ہونیوالے لواحقین کے غم میں پارٹی کے چےئرمین جناب محمود خان اچکزئی سے لیکر پارٹی کے تمام کارکن اور پشتون ملت برابر کی شریک ہے اور پشتون قومی تحریک کے رہنماؤں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی ، باچا خان ودیگر رہنما ء روز اول ہی سے فرقہ واریت کی مخالف رہے ہیں اور تمام انسانوں کے درمیان بلا تمیز رنگ ونسل فرقہ ومذہب برابری انسان دوستی پر یقین رکھتے تھے اور پشتونخوامیپ بھی انہی اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تمام مذہبی مسالک کے درمیان بھائی چارہ باہمی احترام چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے استعماری حکمرانوں خفیہ اداروں نے اپنے سامراجی استعماری رجعتی مقاصد کیلئے ان دہشتگرد تنظیموں کی پرورش کی جس کی وجہ سے آج تمام خطہ ملک اور بالخصوص پشتونخوا وطن کے عوام آگ وخون کے شعلوں میں جل رہے ہیں۔