کوئٹہ:دھرنا ختم کرنے کا اعلان

کوئٹہ: ہزارہ برادری نے اپنے مطالبات منظور ہونے کے بعد کوئٹہ میں اپنا تین دن سے جاری دھرنا آج صبح (پیر) دس بجے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو تین بم دھماکوں میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے بعد ہزارہ برادری نے احتجاجاً لاشوں کی تدفین سے انکار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے خاتمے اور شہر کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک جمعہ سے شہر کے علمدار روڈ پر شدید سردی اور بارش میں لاشوں کو رکھ کر دھرنا دے رکھا تھا۔
تاہم اتوار کو رات گئے وفاقی حکومت نے ان کے مطالبوں کو تسلیم کرتے ہوئے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کا اعلان کر دیا۔
حکومتی اعلان کے بعد ہزارہ برادری کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر جان علی چنگیزی نے کہا کہ آج صبح دس بجے دھرنا ختم کر دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چنگیزی کا کہنا تھا کہ شہر کو فوج کے حوالے کرنے سے متعلق صوبے کے گورنر سے بات چیت جاری رکھی جائے گی۔



دیدگاهها بسته شده است.