کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کیاجارہا ہے یہ سرزمین یہاں آباد تمام اقوام کی ملکیت ہے بھائی چارے اور امن کی فضاء کو خراب کرنے والی تمام کوششیں ناکام ہوں گی ان خیالات کااظہارانہوں نے قندہاری امام بارگاہ میں سانحہ علمدار روڈ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء رکن قومی اسمبلی سرداریعقوب خان ناصر،ریٹائرڈجنرل عبدالقادربلوچ،جنگیز مری،صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی،میرصلاح الدین رند ودیگر بھی موجود تھے۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ گزشتہ دنوں علمدار روڈ پر ہونے والا بم حملہ قابل مذمت عمل ہے ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ بلوچستان سب کا ہے یہاں بلوچ ،پشتون ،ہزارہ ،پنجابی اور دیگر اقوام صدیوں سے اپنی تاریخ کے ہمراہ اس سرزمین پرآباد ہیں انہوں نے کہا کہ علمدار روڈ جیسے واقعات بلوچستان میں امن بھائی چارے اور اخوت کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ہیں یہاں ہمیشہ سے آمروں نے بزور طاقت اقتدارحاصل کیا اورجاتے ہوئے ایسے ایجنڈے چھوڑدیئے جس کے باعث آج ملک کی صورتحال اس نہج تک پہنچ چکی ہے کہ تمام سیاسی وجمہوری قوتوں کو حالات کا ادراک کرتے ہوئے ان عزائم کو ناکام بنانا ہوگا نام نہادجمہوری حکمران عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی خاطرخواہ پالیسیاں مرتب نہیں کرسکے پانچ سالہ دور اقتدار میں انہوں نے محض لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کا بازار گرم رکھا روٹی کپڑا اور مکان کے خوشنمانعرے لگا کر اقتدار حاصل کرنے والے نام نہاد جمہوری حکمرانوں سے آج عوام امن کا تقاضا کررہی ہے انہیں روٹی کپڑا اورمکان سے زیادہ وہ اپنے جان ومال کے تحفظ کیلئے پریشان ہیں مگر افسوس کہ گرتی ہوئی لاشوں اور بہتے ہوئے خون کے باوجود آج بھی حکمران اقتدار سے چمٹے ہوئے سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں امن وامان کی جو صورتحال آج اس ملک میں موجودہے ایسے میں حکمرانوں کوچاہئے تھاکہ وہ اخلاقی جرأت کامظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجاتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا آج بلوچستان سمیت پورے ملک میں خوف اور دہشت کے سائے منڈلا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں پارٹی کے قائد میاں محمدنواز شریف نے بھی اظہارہمدردی کیا ہے وہ خود یہاں پرآنا چاہتے تھے تاہم اب مرحوم عباس شریف کے انتقال اور اسلام آباد میں مصروفیات کی بناء پر وہ نہیں آسکے اس موقع پر انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی وفد نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا۔