سانحہ ہزارہ ٹاؤن کے 37 زخمیوں میں سے ایک خاتون چل بسی

کراچی منتقل کیے گئے سانحہ ہزارہ ٹاؤن کے 37 زخمیوں میں سے ایک خاتون اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی چل بسی۔ گل افشاں کو انتہائی زخمی حالت میں کوئٹہ سے وینٹی لیٹر پر لایا گیاتھا، خاتون کے انتقال سے سانحہ میں جاں بحق افرادکی تعداد114 ہوگئی ہے۔ سانحہ ہزارہ ٹاؤن میں زخمی افراد کو سی ون تھرٹی طیارے سے کراچی لایاگیا اور اسٹیڈیم روڈپر واقع دو نجی اسپتالوں میں منتقل کیاگیاتاہم زخمیوں میں سے ایک گل افشاں اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی چل بسی۔ 60 برس کی گل افشاں بری طرح جھلسی ہوئی تھی اور اسے وینٹی لیٹر پرکراچی لایاگیاتھا۔ خاتون کا بیٹا اور داماد بھی ان کے ساتھ تھے جواب میت کوئٹہ لی جانے کے نتظامات میں مصروف ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے کیرانی روڈ پرہفتے کو دہشتگردوں نے واٹرٹینکرمیں بھرے باردودکے ذریعے دھماکا کردیا تھا جس میں مارے گئے افرادکے جنازوں کیساتھ لواحقین اور سوگواروں نے چار روز تک دھرنا دیا تھاتاہم حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے پر بدھ کو تدفین کردی گئی تھی۔ واقعہ میں ڈیڑھ سوسے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن میں سے انتہائی زخمی انتالیس افراد کو کراچی کے دو اسپتالوں میں اب طبی امداد دی جارہی ہے۔ کراچی میں زیرعلاج افراد میں 8بچے، 10 خواتین اور 19 مرد ہیں۔ زخمیوں میں سے زیادہ تر کوجسم کے مختلف حصوں میں فریکچر ہے جبکہ چارمریض بری طرح جھلسے ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کاعلاج حکومت بلوچستان کرائیگی۔



دیدگاهها بسته شده است.