اسلام آباد…سپریم کورٹ میں ہزارہ برادری کے قتل عام از خود نوٹس کی سماعت آج پھر ہو گی۔ عدالت نے صدر ، وزیراعظم اور گورنر بلوچستان کو حکم دیا ہے کہ وہ آج ہزارہ برادری کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کریں، کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کررہاہے۔گزشتہ روز سماعت پر عدالت نے صدر ، وزیراعظم اور گورنر بلوچستان کو حکم دیا ہے کہ وہ آج اٹارنی جنرل کے ذریعے بتائیں کہ ہزارہ برادری کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ؟؟؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گورنر یا وزیراعظم ہزارہ برادری کے حالیہ قتل عام پر ذمہ داری کیوں قبول نہیں کرتے؟ سماعت کے ابتداء میں طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت وفاقی حکومت کو کوئٹہ میں فوج بلانے کی ہدایت کرے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اپنی حدود کو عبور نہیں کرے گی صرف بنیادی حقوق کے تحفظ کا حکم دے گی۔