اسلام آباد…سانحہ کوئٹہ از خود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت کو بتایا کہ سی سی پی او اور سیکریٹری داخلہ11بجے تک عدالت پہنچ جائیں گے، رات کو فلائٹ نہیں مل سکی، ابھی راستے میں ہیں۔ رکن قومی اسمبلی ناصرشاہ نے عدالت کو بتایا کہ وزیر داخلہ کابیان ہے لشکرجھنگوی، طالبان انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر انہیں معلوم ہے توقانون نافذ کرنی والے اداروں سے معلومات کاتبادلہ کریں، انٹیلی جنس شیئرنگ عدالت نہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کی جاتی ہے۔ ایم این اے ناصر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ سال2000 سے اب تک مختلف واقعات میں 1500 افراد مارے گئے،آج تک کسی ملزم کا چالان پیش نہیں ہوا، لوگ اپنے پیاروں کی تدفین کے بعد بھی خوفزدہ ہیں۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کی درخواست پر سماعت میں ساڑھے 11بجے تک وقفہ کردیا۔