کوئٹہ: پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر صادق عمرانی نے وزیراعظم کی جانب سے صوبائی حکومت کی برطرفی کا خیر مقدم کیا ہے اور وزیراعظم اور گورنر بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کیخلاف کرپشن کے الزام میں مقدمات درج کئے جائیں اور تحقیقات کی جائے کہ انہوں نے کتنی کرپشن کی ہے انہوں نے کہا لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری تھی مگر صوبائی حکومت اسے پورا کرنے میں ناکام رہی۔
گذشتہ ساڑھے چار سال میں سینکڑوں کی تعداد میں کوئٹہ اور اندرون بلوچستان میں لوگ شہید کئے گئے مگر صوبائی حکومت آج تک کسی قاتل کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی اس وقت صوبے میں امن وامان کی جو صورتحال ہے اس کی ناکامی کے ذمہ دار سابقہ وزیراعلیٰ ہیں۔
آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا دن بھی ہے اور غم کا بھی خوشی اس بات کی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کی حکومت سے ہماری جان چھوٹ گئی اور غم اس بات کا ہے کہ اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے افراد جو گذشتہ تین روز سے بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں لیکر بیٹھے تھے انہی پیر کو دفنا دیا گیا ہے وہ غم بھی ہمیں ہے۔