کوئٹہ -(جامعہ) پاکستانی میڈیا کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے انٹیلی جینس اطلاعات کی بنیاد پر صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مانسہرہ کے دو نواحی علاقوں میں چھاپے مار کر کم سے کم دو دہشت گردوں کو گرفتار اور دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا جسے پریشر ککر میں چھپایا گیا تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں متعدد راکٹ ، دستی بم، پستول اور اے کے فورٹی سیون رائفل شامل ہیں۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر کے مشرقی علاقے قائد آباد میں ایک کارروائی کے دوران کم سے کم تین دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران جب سیکورٹی اہلکار علاقے میں داخل ہوئے تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس کو گولیاں چلانا پڑیں۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے ہے اور وہ کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور دیگر آتشی اسلحہ برآمد ہوا ہے تاہم اس کی تفیصلات کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔