کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے وکلا کی چمن سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف شہروں میں تدفین کردی گئی، تدفین کے وقت رقت آمیزمناظرسے سب کے دل بھرآئے ۔
اے این پی بلوچستان کے صدر اصغرخان اچکزئی کے بھائی اور وکیل رہنماعسکر خان اچکزئی ایڈووکیٹ کی تدفین چمن کے مردا کاریز میں کی گئی،تدفین میں دوردرازسے لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، نماز جنازہ میں دو افراد کو دل کا دورہ پڑا جس سے ایک شخص چل بسا، محبتیں بانٹنے والے نوجوان وکیل ایمل خان اچکزئی کو دولت آباد میں سپردخاک کیاگیا۔
سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والےوکلاء کی ایک بڑی تعداد پشین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور دیگر شہروں سے بھی تعلق رکھتی تھی، جہاں ان کی تدفین میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔
شہداء کی تدفین کےبعد گھروں پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے،آج چمن سمیت شمالی بلوچستان میں شٹرڈاؤن رہا اور تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے، عدالتیں، اسکول، کالج، یونیورسٹیاں بند رہی اور فضاء مکمل سوگوار ہے۔