اسلام آ باد: ایوان صدر میں صدر آصف زرداری، وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے مختلف آپشنز پرغور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں جاری ملاقات کے دوران بلوچستان اور کوئٹہ میں جاری دہشت گردی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کچھ اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ملاقات میں ہزارہ برادری کو مسلسل نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے حتمی فیصلے پربھی غور کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نےصدر مملکت سےملاقات کے بعد بتایا کہ انہوں نے بلوچستان میں امن و امان کی بہتری کے لئے صدرمملکت کو قانونی اورآئینی امور پر بریفنگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور ہیں مگر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم راجا پرویزاشرف بلوچستان میں ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کا حکم پہلے ہی دے چکے ہیں۔