اسلام آباد: قوم نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اس عزم کی تجدید کے ساتھ آغاز کیا کہ ملک کی سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
ارض پاک کے تقدس کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ قوم 51 واں یوم دفاع بھر پور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دن کاآغازملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤ ں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
ملک بھر میں یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں علامہ محمد اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔
مزار قائد پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اکیڈمی رسالپور کے ایوی ایشن کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، گارڈز کے فرائض سنبھالنے والوں میں 6 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل مزار قائد پر گارڈز کے فرائض پاک بحریہ کے جوانوں نے سنبھال رکھی تھی۔
لاہور میں مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب کے دوران رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے
میانی صاحب لاہورمیں میجرشبیر شریف شہید کے مزارپربھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس میں میجر جنرل فدا حسین ملک اور شہید کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
رینجرزہیڈ کوارٹرزمیں ہونے والی تقریب میں جنگ ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دھرتی کی حفاظت کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
کراچی میں ملیر چھاؤنی اور پی اے ایف مسرور بیس میں یوم دفاع کے سلسلے میں تقریب ہوئی جس میں پاکستان آرمی کے زیر استعمال جنگی ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کی گئی۔
تقریب کے دوران آرمی ایوی ایشن ایلوٹ اور مشتاق طیاروں نے فلائی پاسٹ بھی کیا جبکہ نمائش میں ٹینکوں، اے پی سی اور چاق و چوبند دستے کا مارچ پاسٹ بھی کیا گیا۔
پی اے ایف مسرور بیس میں چھ ستمبر کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے یوم دفاع پراپنے پیغام میں پاک فوج کی وطن کی خاطرقربانیوں کوشاندارخراج تحسین پیش کیا۔
صدرممنون حسین نے کہا کہ یوم دفاع پوری قوم کودشمن کے عزائم کےسامنے ڈٹ جانے کاسبق دیتاہے۔